باکو دنیا کا واحد شہر جہاں پاکستانیوں کی عزت ہے! (آخری حصہ)

جیسا کہ میں نے پہلے ذکر کیا کہ آذربائیجان ایک اسلامی ملک ہے، جہاں 95فیصد آبادی مسلم ہے،،، لیکن یہ ایک سیکولر ریاست ہے،،، یہاں کے سرکاری ٹی وی پر اکثر اعلان بھی ہوتے ہیں کہ آذربائیجان ایک مسلم ملک ضرور ہے، لیکن ایک سیکولر ریاست ہے۔آذربائیجان میں ریاست اور مذہب کے تعلقات سیکولر ملک اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کے مطابق طے کیے جاتے ہیں۔ہماری اپنی اقدار اور قومی شناخت ہے۔ ریاست ایسے ہر اقدام کو روکے گی جس کا مقصد اس قومی شناخت میں عرب اور فارسی اقدار شامل کرنا ہو، یعنی ہمارے چھوٹے بچوں کی سوچ اور زندگی کو دیکھنے کے انداز کو اسکول کی عمر ہی سے تبدیل کرنا اور بگاڑنا ہو۔ یہ بات اچھی طرح جان لیں۔میری ناقص رائے میں یہ عمل بہترین ہے،،، کیوں کہ وہاں آزاد ماحول پروان چڑھ رہا ہے،،، لڑکے اور لڑکیوں کے ملبوسات جدید طرز کے اور ان کا میل جول بھی آزادانہ ہیں۔ یہاں فن و ثقافت کو فروغ دینے کی روایت حکومت نے برقرار رکھی ہے اور جبھی اکثر جگہ ہلکی موسیقی کان میں پڑتی ہے اور انٹرٹینمنٹ کے لیے وہاں جدید طرز کے ڈانسنگ کلب بھی ہیں،،، جہاں آپ کو زیادہ تر سعودی شہزادے نظر آئیں گے،،، ان کلبوں میں آپ کو تنگ کرنے والا بھی کوئی نہیں ہوتا،،، وہاں جا کر آپ اپنی منشاءپر رقص کر سکتے ہیں،،، یہاں آپ کو رقاصائیں بھی ملیں گی،،جو عموماََ مقامی ، روسی اور یوکرینی ہوتی ہیں،،، آپ ان سے بات چیت کر سکتے ہیں،،، اور اگر اُن کی مرضی بھی شامل ہو تو وہ بھی آپ کے ساتھ وقت گزار سکتی ہیں،،، لیکن یہ سب کچھ ایک دائرے اور قانون میں رہ کر کرنا لازم ہوتا ہے،،، کیوں کہ یہاں قانون کی پاس داری کرنالازمی ہے اور کوئی بھی غیرقانونی کام کرنے پر گرفت کی جاتی ہے۔میرے خیال میں یہ اقدام اُن کی ترقی کے لیے بہترین بھی ہے، کیوں کہ ایسا کرکے آپ ملک کو ترقی کا ایک ایسا راستہ فراہم کرتے ہیں،،، جس پر دنیا چل کر ترقی کر رہی ہے،،، کیوں کہ ہمارے جیسے ملک جو آدھے تیتر اور آدھے بٹیر کی حیثیت رکھتے ہیں وہ بیچ میں اٹکے ہوئے ہیں،،، جنہیں ہر کوئی اپنے اپنے مطلب کے لیے استعمال کرتا ہے،،، خیر ہم نے باکو کو جدید طرز کی عمارتوں اور بہترین انفرااسٹرکچر کے ساتھ قدیم و جدید روایت اور ثقافت کا ایسا شہر پایا جو بلاشبہ قابلِ ذکر ہے۔ اس سے بڑھ کر میں نے یہاں کے ماحول اور طرزِ تعمیر میں بڑی کشش محسوس کی ۔پھر ہم باکو کے مشہور مقام ’ینار داگ‘ بھی گئے جو ایک پہاڑی مقام ہے اور وہاں کا آتش کدہ دیکھا جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس میں جو آگ بھڑک رہی ہے، اس کے شعلے ہزاروں سال سے اسی طرح اٹھ رہے ہیں۔ ایک سو میٹر بلند اس پہاڑی کا ذکر مارکو پولو نے بھی اپنی ایک کتاب میں کیا تھا۔ یہ ہی نہیں بلکہ آذربائیجان میں آگ کے شعلوں کا نظارہ کئی دوسرے علاقوں میں بھی کیا جاسکتا ہے جہاں کئی سال سے آگ کے آلاو¿ روشن ہیں۔ تاہم اس ملک کے پہاڑی نما جزیرے کے بارے میں مشہور ہے کہ اس کی آگ ایک لمحے کو بھی نہیں بجھ سکی ہے۔آسمان سے برستا ہوا تھوڑا بہت پانی ہو یا طوفانی بارش، اس آگ کو کوئی نہیں بجھا سکا۔ ینار داگ کی آتش گاہ کے بارے میں بہت سے لوگ ناقابلِ یقین واقعات سناتے ہیں اور افسانے بیان کرتے ہیں جس کی حقیقت صدیوں کے دوران کہیں گم ہوچکی ہے۔بہرحال، یہ طے ہے کہ اس سرزمین کے آتش کدوں اور ان کے بھڑکتے رہنے کی ایک وجہ زمین کی سطح پر تیل کا جمع ہوجانا ہے جن میں سورج یا کسی دوسری وجہ سے آگ بھڑک اٹھتی اور پھر شعلے بھڑکتے رہتے۔ زرتشتوں نے ان پر آتش کدے تعمیر کیے جو ان کے لیے خدائی صفات سے معمور مقام اور ایک روحانی مرکز ہیں۔ ہم نے دو بڑے آتش کدوں ینار دگ اور مشہور ترین آتش گاہ سورا خانی کی سیر کی۔ آتش گاہ دارالحکومت باکو سے تقریباً تیس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور ایک ایسی کھلی وسیع دالان والی عمارت ہے جس میں پتھروں کی دیوار بنائی گئی ہے اور ان کے ساتھ قدیم دور میں حجرے بھی تعمیر کیے گئے تھے جہاں یقیناً عبادت کرنے والے اور زیارت کے لیے آنے والے قیام کرتے ہوں گے۔ اسے عام طور پر آتش گاہ کہتے ہیں۔ بہرحال باکو میں میری روزانہ کی روٹین یہی رہی کہ دن کے وقت سوتے رہنا اور عموماََرات کو جگہیں ایکسپلور کرنا،،، باکو شہر میں ان مقامات کی سیر کے ساتھ ہم مختلف علاقوں میں سڑکوں اور شاپنگ مالز میں بھی گھومتے رہے لیکن حیرت انگیز طور پر خوب صورت اور پختہ سڑکوں کے اطراف سبزہ یعنی گرین بیلٹ، صفائی ستھرائی متاثر کن تھی۔ مجھے حیرت ہوئی کہ باکو اس قدر منظم طریقے سے تعمیرات کے ساتھ ایک قانون اور ضابطے میں ڈھلا ہوا کیسے ہے۔ہمارا کراچی بھی تو ملک کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے ،،، اور یہاں گزشتہ 20سال سے ایک ہی جماعت کی حکومت ہے،،، جو اس شہر کو ترقی دینے کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے سے قاصر رہی ہے،،، بہرحال ہمارا مقامی لوگوں سے جتنا بھی واسطہ پڑا،،، اُنہوں نے ہمیں کسی حوالے سے بلیک میل، ہراساں یا تنگ نہیں کیا،،، مگر بظاہر وہ معاون اور مددگار نظر آتے تھے۔ یا پھر ہم سے یکسر انجان اور بے نیاز اور یہ بھی اچھی بات تھی۔ آذربائیجان میں میرے کان میں ایک دو جگہ ایسے الفاظ پڑے جو ہماری زبان کا حصہ تھے۔ مجھے خوشگوار حیرت ہوئی اور بعد میں معلوم ہوا کہ ان کی زبان میں ترکی اور فارسی کے کئی الفاظ شامل ہیں۔ بہرحال آخری دو تین دنوں میں ہم نے باکو کے خوبصورت علاقے ”منی وینس“ کی سیر کی اور رات کا ڈنر بھی وہیں سے کیا،،، منی وینس دراصل مصنوعی نہروں میں کشتیوں کی سیر، خوبصورت ریسٹورنٹس، جہاں پانی کے پرسکون راستے اور خوبصورت ماحول ہر لمحے کو یادگار بنا دیتے ہیں۔ باکو میں سمندر کے کنارے یہ چھوٹا سا وینس صاف پانی، رنگین پھول، کشتیاں ، بالکل جنت جیسا منظرپیش کرتے ہیں،،، ہم نے اسی وینس کے درمیان میں ایک ریسٹورنٹ جس کا نام ”صدف“ تھا میں کھانا کھایا تو میں نے سوچا کہ ہماری سندھ میں کینجھر جھیل، شمالی پاکستان کی متعدد جھیلیں اور دریائے سندھ میں بھی ایسے ہی خوبصورت ہیں، بس تھوڑی توجہ چاہیے!لیکن توجہ کرے کون؟ پھر وہاں کی راتوں کی خنکی کی باتیں ہی الگ ہیں،،، سمندر کنارے ہوٹل کا ایک فائدہ یہ بھی ہوتا ہے کہ آپ اُس کی بالکونی (ٹیرس) میں بیٹھ کر پورے چاند کی روشنی کو انجوائے کرتے ہیں،،، ہم نے بھی وہی کیا اور ساتھ ٹھنڈے موسم کو بھی خوب انجوائے کیا،،، انجوائے کرتے بھی کیوں نہ ایسی راتیں زندگی میں بار بار نہیں ملتیں،،، پھر وہاں کچھ مقامی لوگوں سے ہماری نشست ہوئی تو ایک صاحب کہنے لگے،،، کہ پاکستان ہو یا آذر بائیجان، مجھے تو ان دونوں ملکوں میں کوئی فرق لگتا نہیں۔ کیوں آپ کبھی پاکستان گئے ہیں؟ میں نے پوچھا، ’نہیں میں کبھی پاکستان تو گیا نہیں‘ انھوں نے وضاحت کی اور بتایا کہ ہر آذری یہ جانتا ہے کہ پاکستان وہ پہلا ملک ہے جس نے آزاد آذربائیجان کو تسلیم کیا تھا۔پہلا یا دوسرا؟ میرے اس سوال پر کہنے لگے کہ چند دقیقوں یعنی منٹوں سے کیا فرق پڑتا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ ترکی ہو یا پاکستان، ان دونوں ملکوں نے ایک ہی وقت میں ہماری آزادی کو تسلیم کر کے ہمیں اقوام عالم میں عزت کے ساتھ کھڑے ہونے کا موقع فراہم کیا۔ بہرکیف باکو روسی اور یورپی آرکیٹیکٹ کی خوبصورت اور قدیم عمارتوں کا امتزاج ہے۔ پھر ہم نے اندرون لاہور کی طرز پر ”اندرون باکو“ جسے پرانا باکو بھی کہا جاتا بھی دیکھا یہاں ترک، یورپی اور ایرانی سیاحوں کی اکثریت نظر آئے گی۔ وہاں بھی ہم نے ڈنر کیا،،، لیکن ہم اپنے ٹیکسی ڈرائیور کے ”جال“ میں پھنس گئے،،، کیوں کہ ہم جو کچھ وہاں کھانا چاہ رہے تھے،،، وہاں کے ریسٹورنٹ کے مالک نے اپنی مرضی ہم پر مسلط کی،،، اور اپنی مرضی کی مہنگی ڈشیں لا دیں،، جو ہم سے کھائی نہ گئیں،،، اور ٹیکسی ڈرائیور کے جال سے مراد کہ یہ ریسٹورنٹ ہم نے اُس کے کہنے پر منتخب کیا تھا،،، خیر ہمارا مقصد قدیم شہر سے لطف و اندوز ہونا تھا ،،، یعنی ہم چاہتے تھے کہ ہم قدیم شہر یا اچاری شہر کی فصیلیں اور شہر کی تنگ گلیوں میں پیدل چلتے عمارتوں سے لطف اندوز ہوں۔ قدیم شہر کے اندر ہی سیاحتی مقام بارہویں صدی کا میڈن ٹاور بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ آذربائیجان کے سابق صدر حیدر علیئف کے نام سے منصوب حیدر علییف سینٹر بھی قابل دید ہے۔ سینٹر میں کارپٹ میوزیم، آذربائیجان کے مشہور عمارتوں کے منی ایچر میوزیم، موسیقی کے آلات کا میوزیم، ونٹیج گاڑیاں اور دیگر دلچسپ اشیا دیکھی جا سکتی ہیں۔ پیدل چلنے والے شوقین افراد کے لیے بحیرہ قزوین یا کیسپین سی کے کنارے باکو بلیوارڈ ایک بہترین جگہ ہے جہاں بحیرہ قزوین یا کیسپین سی کی ٹھنڈی ہوا میں 20 کلومیٹر تک انتہائی چوڑے اور ٹریفک سے پاک فٹ پاتھ پر پیدل سفر کا مزا لیا جا سکتا ہے۔ پھرسرسبز پارک، کارپٹ میوزیم، لندن آئی کی طرح باکو آئی جس کے بڑے سائز کے وہیل میں بیٹھ کر باکو شہر دیکھا جا سکتا ہے۔ پہاڑی پر بنے مشہور فلیم ٹاور، شہدا قبرستان اور ہائی لینڈ پارک سے باکو شہر کو اونچائی سے دیکھا جا سکتا ہے۔باکو چڑیا گھر بھی بہترین تفریحی مقام ہے جہاں شیر، ہرن، رنگ برنگی طوطے، مچھلیاں اور دیگر چرند پرند دیکھے جا سکتے ہیں۔پھر آپ شاپنگ کے لیے سدرک بازار اور بانو بازار بھی جا سکتے ہیں،،، ہم وہاں گئے بھی اور روایتی شاپنگ بھی کی ،،، جو اس قدر سستی تھی کہ ہمارے ہوش اُڑ گئے،،، جس کا پھر کبھی ذکر کروں گا،،، بہرحال پاکستانیوں کے لیے کسی ملک کا ویزا دستاویزات کی طویل فہرست کی وجہ سے ملنا مشکل ہوتا ہے اور ویزا نہ ملنے کے امکانات بھی ہوتے ہیں، اگر ویزا مل بھی جائے تو طویل سفر کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس لیے باکو ایک بہترین آپشن ہے۔ آذربائیجان کا آن لائین ویزا اور ساڑھے تین گھنٹے کی ڈائرکٹ فلائیٹ کے باعث باکو کا سفر آسان اور قابل عمل ہے۔خیر ہم جب واپسی کے لیے ائیرپورٹ کے لیے نکلے تو ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ باکو شہر میں اس قدر ٹریفک جام ملے گا،،،ا ور یہ ٹریفک جام فارمولا ون ریس کے لیے سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے تھا،،، لیکن ہم بمشکل ہوٹل سے ائیرپورٹ پہنچے اور فلائیٹ لی اور گھر خیریت سے پہنچے!