اچھرہ:گھر میں آتشزدگی، 4 بہن بھائی جھلس کر جاں بحق

 لاہور میں گھر میں آگ لگنے سے 4 بہن بھائی جھلس کر جان کی بازی ہار گئے۔صوبائی دارالحکومت کے علاقے اچھرہ میں چوک بابا اعظم کے قریب رہائشی عمارت کی پانچویں منزل پر آگ لگی، خوفناک آگ نے ہنستا بستا گھر ویران کر دیا، گھر میں لگنے والی آگ سے چار بچے جھلس گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق بچوں کی شناخت 12سالہ ایمان، 8 سالہ نور، 5 سالہ ابراہیم اور 2 سالہ اسماعیل کے نام سے ہوئی۔ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا جبکہ کولنگ کا عمل بھی مکمل ہوگیا ہے۔پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ابتدائی کارروائی مکمل کر لی، پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات کے تعین کیلئے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے افسوسناک واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی اور آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی ہے اور بچوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔