محکمہ وائلڈ لائف نے سمگل شدہ جنگلی پرندوں کی بڑی کھیپ پکڑ لی

محکمہ وائلڈ لائف کا لاہور سمیت پنجاب بھر میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ذرائع کے مطابق سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر وائلڈ لائف کا خصوصی سکواڈ صوبہ بھر میں کومبنگ آپریشنز کر رہا ہے جس کی نگرانی ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک کر رہے ہیں۔ڈی جی وائلڈ لائف کی ہدایت پر سپیشل وائلڈ لائف سکواڈ نے رات گئے شاہدرہ موڑ پر بڑی کارروائی کے دوران سمگل ہو کر آنے والے جنگلی پرندوں کی بہت بڑی کھیپ پکڑ لی، 5 ہزار سے زائد تحفظ شدہ جنگلی پرندے سرگودھا سے لاہور بھیجے جا رہے تھے، پکڑے جانے والے پرندوں میں زرد اور بھورے ممولے شامل ہیں۔جنگلی پرندوں کو بند پنجروں میں قید کر کے سمگل کیا جا رہا تھا، پرندے لاہور میں پرندوں کے مشہور غیر قانونی ڈیلر رضا کو بھیجے جا رہے تھے، ضبط شدہ جنگلی پرندوں کو گزشتہ رات ہی کرول گھاٹی جنگل میں حفظ ماتقدم کے پیش نظر فوری آزاد کر دیا گیا جبکہ ملزم رضا کا وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک نے بتایا ہے کہ وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر بلا تفریق کارروائیاں کی جا رہی ہیں، جنگلی جانوروں و پرندوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائیگا، جنگلی جانوروں اور پرندوں کا غیر قانونی کام کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔