پی ٹی آئی کی طرف ہاتھ بڑھانے کو تیار ہیں، مصدق ملک

وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہم سیاسی استحکام کیلئے پی ٹی آئی کی طرف ہاتھ بڑھانے کو تیار ہیں۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ شہباز شریف پہلے بھی چارٹر آف اکنامک کی پیشکش کر چکے ہیں، آپس کی نوک جھوک چلتی رہتی ہے ہمیں ملکی مفاد میں ایک ہونا چاہیے۔مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہم سے پہلے پی ٹی آئی کو مل کر حکومت بنانے کے لیے کہا تھا، اگر پی ٹی آئی اکثریت میں تھی تو حکومت بنا لیتی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ بڑے اچھے طریقے سے سیاسی معاملات اور اتحاد آگے بڑھ رہا ہے، ہمیں اُمید ہے کہ ہمارے تمام امیدوار کامیاب ہو جائیں گے، پیپلز پارٹی کی حمایت غیر مشروط ہے، ماضی میں بھی پیپلز پارٹی نے غیر مشروط حمایت کی تھی۔مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا ہے کہ آج کا دن جمہوریت کے لیے سنگ میل ثابت ہو گا، آج قومی اسمبلی اور سینیٹ دونوں ہاؤس فعال ہو جائیں گے، غربت اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے دونوں ہاؤسز کا فعال ہونا ضروری ہے، سیاسی استحکام آئے گا تو معاشی استحکام آئے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی منڈی میں جب تیل کی قیمت بڑھتی ہے تو سب متاثر ہوتے ہیں، روپے اور ڈالر کی قیمت میں تناسب بھی اثر انداز ہوتا ہے، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ روس، یوکرین جنگ اور فلسطین کے خلاف اسرائیلی جارحیت سے تیل کی قیمتیں متاثر ہو رہی ہیں، اوگرا اور بین الاقوامی آڈٹ کمپنی کو 2 گیس کمپنیوں کے آڈٹ کا حکم دے دیا ہے۔