میرا کرکٹر بننا ایک معجزہ تھا: محمد یوسف

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ میرا کرکٹر بننا ایک معجزہ تھا۔ محمد یوسف نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کی۔اُنہوں نے بتایا کہ میں نے بطور پروفیشنل کرکٹر اپنے کیریئر کا آغاز کرنے سے پہلے ہی کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا کیونکہ میرا تعلق ایک بہت غریب گھرانے سے تھا جہاں زندگی میں بنیادی ضروریات بھی مشکل سے پوری ہوتی تھیں۔سابق قومی کرکٹر نے بتایا کہ میں نے کرکٹ چھوڑ کر درزی بننے کے لیے سلائی سیکھنا شروع کر دی تھی تو ایک معجزہ ہوا اور مجھے ایک مقامی لیگ میں ایک میچ کھیلنے کو کہا گیا اور میں نے اس میچ میں ایک سنچری بنالی جس کے بعد مجھے انگلینڈ میں ایک لیگ کھیلنے کا موقع ملا۔اُنہوں نے بتایا کہ انگلینڈ میں لیگ کھیلنے کا مجھے معاوضہ تو نہیں ملا لیکن اس کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا اور پھر میں قومی ٹیم میں بھی شامل ہوگیا۔