آٹے و میدے کے بعد ڈبل روٹی اور بیکری آئٹمز بھی سستی ہوں گی

 آٹے اور فائن میدے کی قیمتوں میں کمی کے باعث روٹی کے بعد اب ڈبل روٹی اور بیکری آئٹمز بھی سستی ہوں گی۔محکمہ انڈسٹریز نے بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے تمام اضلاع کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو احکامات جاری کر دیئے۔محکمہ کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آٹے اور میدے کی قیمتوں میں کمی کا اثر بیکری آئٹمز پر نہیں پڑا، ڈبل روٹی اور میدے و آٹے سے بنی آئٹمز کا شمار بنیادی اشیائے ضروریہ میں ہوتا ہے۔مراسلے میں کہا گیا کہ پنجاب پرائس کنٹرول ایکٹ 2023 کے تحت ڈپٹی کمشنرز کو اختیار حاصل ہے کہ ڈبل روٹی اور بیکری آئٹمز کی قیمتوں کو ریگولیٹ کریں، عوامی فلاح کے پیش نظر بیکری آئٹمز کی قیمتوں میں کمی کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز بیکری ایسوسی ایشنز کے ساتھ معاملات طے کر کے ڈبل روٹی و بیکری آئٹمز کی قیمتوں کو کم کروائیں۔