انتخابی بے یقینی غیر ملکی سرمایہ کاری متاثر کرسکتی ہے: عالمی بینک

عالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں انتخابات کے حوالے سے پائی جانے والی بے یقینی غیر ملکی سرمایہ کاری کو متاثر کر سکتی ہے۔عالمی بینک کی گلوبل اکنامک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر سیاسی و سماجی بے چینی کے ساتھ پُرتشدد واقعات بھی بڑھ گئے تو اس سے کمزور معیشت اور معاشی ترقی کی شرح مزید بگڑے گی، تاہم بے یقینی کے خاتمے اور انتخابات کے بعد ترقی کے امکانات سے حالات بہتر بھی ہو سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان کا جولائی 2023 سے جون 2024 تک کا اکنامک آؤٹ لک غیرفعال ہے اور معاشی ترقی کی شرح کا تخمینہ صرف 1.7 فیصد ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ افراط زر کا دباؤ کم ہونے پر امکان ہے کہ مالی سال 25-2024 میں ترقی کی شرح 2.4 فیصد پر جا پہنچے، مالیاتی پالیسی کے بارے میں توقع ہے کہ یہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے سخت رہے گی۔عالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ سال 2024 میں غریب گھرانے خوراک پر اضافی رقم خرچ کریں گے جس سے غذا کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اور اس سے غربت اور عدم مساوات مزید بڑھے گی۔