بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کی کینیڈین سفارت کاروں کو دھمکیاں

نئی دہلی: انتہا پسند ہندوؤں نے نئی دہلی میں کینیڈین سفارت کاروں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔کینیڈین ہائی کمیشن نے تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں سیکیورٹی کی صورتحال پر گلوبل افئیرز کینیڈا نظر رکھے ہوئے ہے، انتہا پسند ہندوؤں نے کینیڈین سفارتکاروں کو سوشل میڈیا پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی ہیں۔کینیڈین ہائی کمیشن نے مطالبہ کیا کہ بھارتی حکومت ویانا کنونشن کے تحت سفارتکاروں کی سیکیورٹی یقینی بنائے۔ بگڑتی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کینیڈین حکومت سفارت خانوں میں اسٹاف کی کمی پر بھی غور کررہی ہے۔تجزیہ نگار اور ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت ہر طرح کی اختلافی آوازوں کو بند کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، صورتحال یہی رہی تو کینیڈین حکومت جلد اپنے بھارتی سفارت خانے بند کر دے گی۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مودی سرکار نے اسی طرح کے حربوں سے ایمنسٹی انٹرنیشنل کو بھارت چھوڑنے پر مجبور کر ڈالا تھا، مودی کے خلاف ڈاکومینٹری نشر کرنے پر بھارتی حکومت نے ٹیکس چوری اور دیگر قوانین کی خلاف ورزی کا بہانہ بنا کر بی بی سی کے دفاتر پر چھاپے بھی مارے تھے۔