ایرانی صدراور وزیرخارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق

ایرانی میڈیا نے صدر ابراہیم رئیسی اور ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے ۔ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ سمیت ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں، تاہم سرکاری سطح پر اس کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق  صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ آج صبح مل جانے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ایرانی صدر اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئیں تھیں۔ایرانی میڈیا  کے مطابق حادثے کی وجہ بارش اور شدید دھند کو قرار دیا گیا ہے ، ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ پہاڑی سے ملا ، پرواز کے آدھے گھنٹے بعد صدارتی ہیلی کاپٹر کا دیگر دو ہیلی کاپٹرز سے رابطہ منقطع ہوا۔قبل ازیں ایرانی عہدیدار نے کہا  تھا کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کے بعد صدر رئیسی کے بچنے اور زندہ ہونے کی توقعات کم ہیں، برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی عہدیدار کاکہناتھا کہ حادثے کے مقام پر زندگی کے کوئی آثار نہیں کیونکہ اس جگہ پر موجود ہیلی کاپٹر مکمل طور پر جل گیا ہے۔اس سے قبل ایرانی ہلال احمر کے سربراہ کا کہنا تھا کہ صدر رئیسی کا ہیلی کاپٹر کریش ہونے کے بعد زندہ بچے مسافروں کا کوئی نشان نہیں۔