شان مسعود ٹیسٹ، شاہین ٹی20 ٹیم کے کپتان مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شان مسعود کو ٹیسٹ اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔ ون ڈے ٹیم کے کپتان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں پی سی بی نے 34 سالہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم اور 23 برس کے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 ٹیم کی قیادت سونپنے کا اعلان کیا۔شان مسعود نے 30 ٹیسٹ میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی ہے اور 56 اننگز میں 28 اعشاریہ 51 کی اوسط سے 1 ہزار 597 رنز بنائے، جس میں 4 سنچریاں اور 7 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ ان کا بڑا انفرادی اسکور 156 رنز ہے۔دوسری طرف شاہین آفریدی نے 54 ٹی20 میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر رکھی ہے، انہوں نے اس دوران 64 وکٹیں حاصل کیں۔پی سی بی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ پرفارمنس اور بابر اعظم کی تینوں فارمیٹ سے کپتانی چھوڑنے کے بعد قومی ٹیم اور مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا آغاز کیا تھا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کپتانی چھوڑنے والے بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت آفر کی تھی لیکن انہوں نے معذرت کرلی۔