پریانکا چوپڑا کا بھی غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

بالی ووڈ سمیت ہالی ووڈ میں کام کرنے والی معروف بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا ہے۔امریکا میں فنکاروں، سماجی کارکنوں اور صحافیوں کی جانب سے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی نسل کشی کے خلاف مظاہرے کرنے اور ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے، اس ضمن میں ہالی ووڈ کی 400 سے زائد شخصیات نے ’آرٹسٹ فور سیز فائر‘ کے عنوان سے ایک خط لکھا تھا۔خط میں امریکی کانگریس اور صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ غزہ میں کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کے لیے فوری اقدام کریں، جہاں شہید فلسطینیوں کی تعداد 12 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔بائیڈن کو لکھے گئے خط میں فنکاروں نے یہ بھی کہا تھا کہ ہمارا ماننا ہے کہ تمام زندگیاں قیمتی ہیں پھر چاہے اُن کا تعلق کسی بھی مذہب یا نسل سے ہو، ہم فلسطینی اور اسرائیلی شہریوں کے قتل کی مذمت کرتے ہیں۔اس خط پر دستخط کرنے والے فنکاروں میں سیلینا گومز، جیجی حدید، بیلا حدید، کامیڈین اور میزبان حسن منہاج، اداکار بین ایفلیک، بریڈلی کوپر، اور چیننگ ٹیٹم، جے شیٹی، ہالی ووڈ کے آئیکن رچرڈ گیئر سمیت 400 سے زائد بااثر شخصیات شامل ہیں۔اب تازہ ترین رپورٹ کے مطابق  معروف بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا جونس بھی غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کرنے والے فنکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں۔جوبائیڈن کو لکھے گئے خط پر دستخط کرنے والی شخصیات کی فہرست سامنے آگئی ہے جس میں بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا جونس کا نام بھی شامل ہے۔