سیلینا گومز کا تنقید کے بعد غزہ کے مظلوموں کی مدد کا اعلان

امریکا کی معروف گلوکارہ سیلینا گومز نے تنقید کے بعد غزہ کے مظلوموں کی مدد کے لیے عزم کا اظہار کر دیا۔غیر ملکی گلوکارہ و اداکارہ سیلینا گومز نے اپنے بیوٹی برانڈ ’ریئر بیوٹی‘ کے ذریعے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کا نشانہ بننے والے مصوم فلسطینی شہریوں کے لیے امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ریئر بیوٹی کے پیچ پر ’غزہ میں انسانی بحران‘ کے پیغام کے ساتھ طویل پوسٹ شیئر کی گئی ہے۔مذکورہ پوسٹ میں فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم، یہود دشمنی، اسلامو فوبیا کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ سے موصول ہونے والی دل خراش تصاویر اور خبروں پر افسوس ہے، 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی فضائی حملوں میں ہزاروں فلسطینی شہید ہوئے اور لاکھوں بے سر و سامان اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہیں، جنہیں غذائی قلت کے ساتھ ساتھ پینے کے صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔اس پوسٹ میں فلسطینیوں کی مدد کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ریئر بیوٹی نامی ادارہ ریڈ کراس اور یونیسیف کو عطیات فراہم کرے گا۔پوسٹ میں سوشل میڈیا صارفین پر بھی زور دیا گیا ہے کہ وہ بھی ان کی مدد کے لیے آگے آئیں۔