امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ ارب پتی بن گئیں

امریکا: عالمی شہرت یافتہ امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ بھی ارب پتی بن گئی ہیں جس کے بعد وہ بھی اب اُن ارب پتی فنکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں جو اپنے بہترین کام کی وجہ سے ارب پتی بنے۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 33 سالہ ٹیلر سوئفٹ کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1.1 ارب ڈالرز ہوگئی ہے، گلوکارہ نے اپنی دستاویزی فلم “ٹیلر سوئفٹ: دی ایراز ٹور” سے ریکارڈ توڑ کمائی جس کے بعد وہ ارب پتی گلوکارہ بن گئیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹیلر سوئفٹ کے 5 گھر ہیں جن کی مالیت 11 کروڑ ڈالرز ہے جبکہ وہ صرف ایک میوزک کانسرٹ میں پرفارم کرنے کے لیے تقریباََ 1 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تک کا معاوضہ لیتی ہیں۔ٹیلر سوئفٹ نے اپنے میوزک کانسرٹ کے ٹکٹوں کی فروخت سے 37 کروڑ ڈالرز کمائے جبکہ گلوکارہ کے گانوں کے ذریعے 40 کروڑ ڈالرز کی کمائی ہوئی۔رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ٹیلر سوئفٹ نے مختلف اسٹریمنگ سروسز کے ذریعے 12 کروڑ ڈالرز کی آمدنی کی۔