حفیظ نے چیف سلیکٹر بننے میں عدم دلچسپی ظاہر کردی

  کراچی: پی سی بی کو قومی کرکٹ ٹیم کیلیے چیف سلیکٹر کی تلاش ہے جب کہ محمد حفیظ نے عدم دلچسپی ظاہر کر دی۔سابق مینجمنٹ کمیٹی نے ہارون رشید کو چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا،وہ ذمہ داریوں سے فارغ ہو چکے ہیں،نئی کمیٹی کو اب چیف سلیکٹر کی تلاش ہے، گزشتہ دنوں محمد حفیظ کے ساتھ اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا مگر انھوں نے کوئی دلچسپی نہیں دکھائی، وہ گراس روٹ لیول پر ہی کام کرنا چاہتے ہیں۔راشد لطیف نے تو دیگر مصروفیات کی وجہ سے کوئی بھی عہدہ سنبھالنے سے معذرت کر لی تھی، بورڈ حکام کو قریبی شخصیات نے معین خان کا نام بھی پیش کیا، گوکہ ابھی ان سے چیئرمین کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ معین خان اپنے بیٹے اعظم خان کی وجہ سے فی الحال ملکی کرکٹ سے وابستہ ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے، انھیں لگتا ہے کہ اگر کوئی عہدہ سنبھالا تو بیٹے کا کیریئر متاثر ہو سکتا ہے اور وہ غیرضروری دباؤ کا شکار ہوگا۔