کاجول کو شاہ رخ کے کس مشورے پر عمل نہ کرنے پر پچھتاوا ہوا؟

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کاجول نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں شاہ رخ خان کے دیے ہوئے ایک مشورے پر عمل نہ کرنے کا پچھتاوا ہے۔حال ہی میں کاجول نے ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی نجی زندگی اور فلمی کیریئر کے بارے میں بات کی۔اُنہوں نے ماضی کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے شاہ رخ کے ساتھ  ہونے والی اپنی یہ گفتگو یاد ہے جب اُنہوں نے مجھ سے کہا کہ ’شاید آپ کو اداکاری کی ٹیکنیک سیکھنی پڑے گی‘، جس پر میں نے ان سے سوال کیا کہ ’وہ کیا ہے؟ ایسی بھی کوئی چیز ہے؟‘اُنہوں نے کہا کہ میرے سوال کے جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ’ہاں، لوگوں کو یہ ٹیکنیک سکھائی جاتی ہے اور آپ کو یہ سیکھنا ہوگا کیونکہ انسان اندر سے سب کچھ نہیں کر سکتا‘۔کاجول نے کہا کہ میں نے شاہ رخ خان کی اس بات کو اس وقت سنجیدگی سے نہیں لیا اور پھر میرے کیرئیر میں ایک موڑ ایسا آیا تھا جہاں میں خود پر بہت زیادہ دباؤ ڈال رہی تھی اور نتیجے میں بری طرح متاثر ہوئی۔اُنہوں نے کہا کہ میں لاشعوری طور پر کام کر رہی تھی، میں سب کچھ کر رہی تھی کہ یہ بھی کر دو اور یہ ڈائیلاگ بھی بول دو، سب کچھ میرے اندر سے نکلتا تھا۔اُنہوں نے اپنے اس تجربے سے سبق سیکھا اور موجودہ دور کی نوجوان نسل کو اداکاری کی ٹیکنیک سیکھنے کی ترغیب دی۔