پاک بھارت ورلڈکپ میچ؛ ممکنہ میزبان اسٹیڈیم بدنظمی کا شکار

 لاہور: ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے ممکنہ میزبان اسٹیڈیم میں بدنظمی نے سوالات اٹھا دیے۔ممکنہ طور پر احمد آباد کا نریندرا مودی اسٹیڈیم رواں سال اکتوبر میں شروع ہونیوالے 50اوورز فارمیٹ کے ورلڈکپ میں پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلے اور فائنل کا میزبان ہوگا، آئی پی ایل کے اتوار کو شیڈول فائنل سے قبل وہاں ہونے والی بدنظمی نے ٹکٹ حاصل کرنے والوں کو جسمانی اور ذہنی اذیت سے دوچار کیا جس کی وجہ سے مینجمنٹ کو بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔آن لائن ٹکٹ خریدنے والوں کیلیے بھی شرط رکھی گئی ہے کہ پیپر پرنٹ اسٹیڈیم سے حاصل کریں،گذشتہ روز بیک وقت ہزاروں افراد وینیو کے اطراف میں جمع ہوئے، کئی سخت گرمی میں 2 گھنٹے کھڑے رہنے کے باوجود بھی باکس آفس تک نہیں پہنچ پائے،اس دوران بہت سے لوگ بے ہوش بھی ہوگئے۔