بھائی نے سوشل میڈیا پر نواز الدین صدیقی کی آڈیو لیک کردی

بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی جوکہ پچھلے کچھ عرصے سے اہلیہ اور ملازمہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی وجہ سے بھارتی میڈیا کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، اب ایک نئے تنازع میں پھنس گئے ہیں۔نواز الدین صدیقی کے بھائی شمس نواز صدیقی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک آڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔اُنہوں نے آڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے یہ ویڈیو ہولی کے تحفے کے طور پر ملی ہے۔اُنہوں نے اپنے بھائی پر الزام لگاتے ہوئے لکھا کہ نوازالدین صدیقی کے منیجر کے مطابق، ملازمین پر تشدد کرنا ان کا روز مرّہ کا معمول ہے۔اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ میں اس واقعے کی مکمل ویڈیو بھی شیئر کروں گا۔شمس نواز صدیقی کی جانب سے شیئر کی گئی آڈیو میں دو لوگوں کو آپس میں بات کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔فون کال پر منیجر نوازالدین صدیقی سے پوچھا جاتا ہے کہ ’کیا آج اداکار نے اپنے ملازم کو پھر سے مارا ہے؟‘منیجر نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اداکار نے اپنے ملازم کو فلم کی شوٹنگ کے روز صبح کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ایسا دوسری بار ہوا ہے۔