مکہ معاہدہ ،ٹرمپ کی جانب سےحمایت کو سراہتے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کے حوالے سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت بھرے اور حوصلہ افزا کلمات کو دل کی گہرائیوں سے سراہتا ہوں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برادر ملک سعودی عرب اور جمہوریہ ترکیہ کے ساتھ مل کر پاکستان برادر ممالک کے ساتھ ساتھ پورے خطے کے دفاع کو یقینی بنانے میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر صدر ٹرمپ کی جرأت مندانہ اور فیصلہ کن قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، جس نے جنوبی ایشیا میں ایک جوہری تباہی کو ٹالنے اور لاکھوں جانیں بچانے میں مدد دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پائیدار امن ہمارے عوام کے روشن اور خوشحال مستقبل کے لیے سب سے اہم بنیادی شرط ہے۔اپنے سوشل میڈیا پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط خوش آئند ہیں، تینوں ممالک کا یہ معاہدہ ایک اہم جرات مندانہ قدم ہے۔خیال رہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مصر بھی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بننا چاہتا ہے۔