لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات، گندم خریداری، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، مقامی حکومتوں اور مختلف ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔کابینہ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے 12 ارب 52 کروڑ 24 لاکھ 98 ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی، اجلاس میں پاسکو سے 10 لاکھ میٹرک ٹن گندم 4 ہزار 150 روپے فی 40 کلوگرام کے حساب سے خریدنے کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کو 5 ہزار لیپ ٹاپس فراہم کرنے اور بینک آف پنجاب میں 3 ارب روپے کی ایکویٹی انجیکشن کی منظوری بھی دی گئی۔صوبائی کابینہ نے چیف منسٹر ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اقدامات کے بجٹ، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام، اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کے سپلیمنٹری بجٹ اور مختلف اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی کے منصوبے کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ پر ٹریفک انفورسمنٹ اور امن و امان سے متعلق انتظامی فیصلوں، پنجاب واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی فنڈ سے متعلق سمری، لاہور اور فیصل آباد واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسیوں کی بہتری کے اقدامات کی بھی توثیق کی گئی۔کابینہ نے پنجاب انڈسٹریز آرڈیننس 2026 میں ترامیم، پنجاب لوکل گورنمنٹ (برتھ اینڈ ڈیتھ رجسٹریشن) رولز 2024، پنجاب اثاثہ جات مینجمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2026 کے مسودے، اور میانوالی میں مریم نواز شریف میڈیکل کالج و ٹیچنگ ہسپتال کے قیام کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں لاہور ہیریٹیج ایریا ریوائیول بورڈ کے قیام اور چیئرمین کی تقرری، مختلف سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر عائد پابندی میں نرمی، نئی بھرتیوں کی متعدد سمریوں، بلوچستان حکومت کو اینٹی ریبیز ویکسین کی فراہمی، اشتعال انگیز مقررین کے خلاف پابندی سے متعلق سمری، پنجاب میں چائلڈ لیبر سے متعلق نئے قواعد اور موٹر وہیکل سکریپج و بائی بیک پروگرام سے متعلق قانونی ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔مزید برآں، کابینہ نے پنجاب ٹورازم اینڈ ہیریٹیج اتھارٹی سمیت مختلف بورڈز اور اتھارٹیز میں تقرریوں اور نامزدگیوں کی بھی منظوری دے دی۔











