آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 6 بھمبر میں دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان تصادم کا واقعہ پیش آیا جس کے باعث پولنگ روک دی گئی۔مسلم لیگ ن کے امیدوار عبدالرزاق چوہدری نے الزام عائد کیا ہے کہ مخالف جماعت کے کارکنان نے پولنگ اسٹیشن پر جھگڑا شروع کیا۔دوسری جانب ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے تصدیق کی کہ دربار بابا شادی شہید کے ایک پولنگ اسٹیشن پر تصادم کا واقعہ رپورٹ ہوا جہاں شرپسندوں نے پولنگ باکس چھین کر آگ لگا دی۔پولنگ اسٹیشن پر ریٹرننگ آفیسر اور سیکیورٹی اہلکار موجود ہیں جبکہ شر پسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ڈی آر او نے کہا کہ دربار بابا شادی شہید پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ ہو گی یا نہیں، اس کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ایک پولنگ اسٹیشن کے علاوہ حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر صورتِ حال معمول کے مطابق ہے۔ڈی آر او کے مطابق حلقہ ایل اے 7 میں سابق وزیرِ اعظم انوارالحق نے بھی شکایت کی تھی تاہم شکایات والے پولنگ اسٹیشنز کا خود دورہ کیا گیا جہاں ان کے پولنگ ایجنٹس موجود تھے۔








