سابق جنوبی افریقی آل راؤنڈر جیک کیلس کو 21ویں صدی کا عظیم ترین کرکٹر قرار دے دیا۔ای ایس پی این کرک انفو کے ماہرین اور سابق کرکٹرز پر مشتمل خصوصی جیوری نے 21ویں صدی کے عظیم ترین بین الاقوامی مرد کرکٹرز کا انتخاب کر لیا ہے، جس میں جنوبی افریقا کے جیک کیلس، بھارت کے سچن ٹینڈولکر اور سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن کو نمایاں اعزازات سے نوازا گیا۔سن 2000 سے 2025 کے عرصے میں بین الاقوامی کرکٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر سچن ٹینڈولکر کو صدی کا بہترین بلے باز، متھیا مرلی دھرن کو بہترین بولر جبکہ جیک کیلس کو بہترین آل راؤنڈر قرار دیا گیا۔خواتین کی کرکٹ میں آسٹریلیا کی ایلس پیری کو 21ویں صدی کی عظیم ترین بین الاقوامی کرکٹر منتخب کیا گیا۔25 رکنی جیوری میں وسیم اکرم، گریگ چیپل، فاف ڈو پلیسی، میتھیو ہیڈن، اینجلو میتھیوز، اوئن مورگن، روی شاستری، ڈینیئل ویٹوری اور شین واٹسن سمیت کئی نامور شخصیات شامل تھیں۔سچن ٹینڈولکر کو کرکٹ تاریخ کے کامیاب ترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔وہ ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں اور متعدد بیٹنگ ریکارڈز آج بھی ان کے نام ہیں۔تاریخ کے عظیم ترین آل راؤنڈرز میں سر فہرست جیک کیلس نے اپنے کیریئر میں 13 ہزار سے زائد ٹیسٹ رنز اور تقریباً 300 وکٹیں حاصل کیں۔اس موقع پر انہوں نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز فتوحات کو اپنے کیریئر کے یادگار لمحات قرار دیا۔مرلی دھرن نے 800 ٹیسٹ وکٹوں کے ساتھ اپنے کیریئر کا اختتام کیا اور دو دہائیوں تک سری لنکا کی کامیابیوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز کو بہترین ٹی ٹوئنٹی بلے باز جبکہ بھارت کے جسپریت بمراہ کو بہترین ٹی ٹوئنٹی بولر قرار دیا گیا۔










