لاہور: پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو شکست دے کر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا تاج اپنے سر سجا لیا۔پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے دیا گیا 130 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 15 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے 56 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی جبکہ عبدالصمد نے 48 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر فتح میں اہم کردار ادا کیا، فرحان یوسف 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔زلمی کے کوشال مینڈس 9، محمد حارث 6، مائیکل بریسویل 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ کپتان بابراعظم کا بلا آج کوئی رن نہ اگل سکا۔قبل ازیں لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگزمین کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے معاذ صداقت اور کپتان مارنوس لبوشن نے اننگ کا آغاز کیا تاہم معاذ صداقت 16 رنز کے مجموعے پر 11 کے انفرادی سکور پر وکٹ گنوا بیٹھے۔کریز پر موجود کپتان مارنوس لبوشین کا ساتھ نبھانے کے لیے صائم ایوب آئے اور دونوں نے ٹیم کا مجموعی سکور 51 تک پہنچایا لیکن لبوشین بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے اور محض 20 رنز بنا کر چلتے بنے۔نئے آنے والے جارح مزاج بلے باز عثمان خان بھی 8 رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے، عرفان خان اور کوشال پریراایک، ایک جبکہ گلین میکسویل بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔حیدرآباد کنگزمین کے حسان خان 12 رنز بنا کر ایرون ہارڈی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے جبکہ حنین شاہ 9 رنز ہی بنا سکے، صائم ایوب 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور عاکف جاوید 5 رنز ہی بنا پائے۔پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ناہید رانا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سفیان مقیم اور محمد باسط نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔سپر سنڈے کا سُپر فائنل دیکھنے کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہاؤس فل ہوگیا، ٹاس سے پہلے رنگا رنگ اختتامی تقریب ہوئی۔










