واشنگٹن:امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا نے وینزویلا اور اس کی قیادت کے خلاف کامیاب آپریشن کر لیا، وینزویلا کے صدر اور اہلیہ کو گرفتار کر کے ملک سے باہر منتقل کر دیا۔سوشل میڈیا پوسٹ میں امریکی صدر ٹرمپ نے وینزویلا پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ریاستہائے متحدہ امریکا نے وینزویلا اور اس کی قیادت کے خلاف بڑے پیمانے پر ایک کامیاب کارروائی انجام دی ہے، جس کے نتیجے میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو حراست میں لے کر ملک سے باہر منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق یہ کارروائی امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اشتراک سے کی گئی، کچھ دیر بعد تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا، آپ کی توجہ کا شکریہ۔وینزویلا کے نائب صدر ڈیلسے روڈریگز نے کہا ہے کہ صدر مادورو کی موجودگی کا علم نہیں،امریکا کو صدر مادورو کے زندہ ہونے کی یقین دہانی کرانی ہوگی۔نائب صدر ڈیلسے روڈریگز نے کہا کہ امریکی حملوں کے بعد حکومت صدر نکولس مادورو کے موجودہ ٹھکانے سے لاعلم ہے، ڈونلڈ ٹرمپ سے صدر مادورو کے زندہ ہونے کا ثبوت مانگتےہیں، سکیورٹی فورسز کوعوام کے دفاع کے لیے میدان میں اتارنے کی ہدایت کی ہے۔اس سے قبل اطلاعات آئیں کہ امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت سمیت مختلف مقامات پر حملہ کردیا، دارالحکومت کراکس میں زور دار دھماکے، طیاروں کی آوازیں سنی گئیں اور مختلف علاقوں میں طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔امریکی میڈیا کے مطابق وینزویلا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملوں کا حکم دیا ہے اور وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس میں کم ازکم 7دھماکے ہوئے ہیں۔امریکی عہدیدار نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں بتایا کہ امریکا وینزویلا کے خلاف فوجی حملےکررہا ہے۔










