ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا،ہلاکتوں کا خدشہ

ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کا حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر تلاش کرلیا گیا ہے، سرچ ٹیمیں تباہ ہیلی کاپٹر کے ملبے تک پہنچ گئی ہیں۔ایران کی خبر رساں ایجنسی تسنیم کا کہنا ہے کہ صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایک پہاڑی سے ملا ہے، تاہم اس دعوے کی سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی۔ایران کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیمیں ایرانی صدر رئیسی کے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ملبے تک پہنچ گئی ہیں۔خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئيسی کے ہمراہ وزیر خارجہ بھی موجود تھے، ریسکیو ٹیمیں حادثے کے مقام پر موجود ہیں۔ایرانی عہدیدار نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد صدر رئیسی کے بچنے اور زندہ ہونے کی توقعات کم ہیں۔برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے ایک ایرانی عہدیدار نے کہا کہ حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر مکمل طور پر جل گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایرانی صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں تمام مسافروں کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ڈرونز کا بھی استعمال کیا گیا، شدید دھند اور انتہائی خراب موسمی صورتحال کے باعث ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ایران کے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر تک پہنچنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، حادثے کا علاقہ تبریز شہر سے 110 کلو میٹر دور ہے۔قبل ازیں ایرانی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کے وفد میں شامل 2 افراد نے ریسکیو ٹیم سے رابطہ کیا ہے۔