ایل این جی ریفرنس واپس: شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ملزمان بری

قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایل این جی ریفرنس واپس لے لیا جس پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا گیا۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کیس کی سماعت کی، شاہد خاقان عباسی وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت نیب کی طرف سے شاہد خاقان عباسی ودیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس واپس لینے کیلئے درخواست دائر کی گئی۔ڈپٹی پراسیکیوٹر اظہر مقبول نے کہا کہ نیب شاہد خاقان عباسی ودیگر کے خلاف ریفرنس واپس لے رہا ہے۔بعدازاں عدالت نے نیب کی ریفرنس والپس لینے کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام ملزمان کو ایل این جی ریفرنس میں بری کر دیا۔واضح رہے کہ نیب نے اسی کیس میں 2019ء میں شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا تھا اور نیب نے ریفرنس میں قومی خزانے کو 21 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا تھا۔