اسرائیل کیخلاف عالمی فوجداری عدالت میں درخواست دائر

میکسیکو: غزہ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کے لیے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) میں درخواست دائر کر دی گئی۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو اور چلی نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی فوجداری عدالت میں اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف مشترکہ درخواست دائر کی ہے۔چلی کی وزرات خارجہ نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ چلی کسی بھی ممکنہ جنگی جرم کی تحقیقات کی حمایت کرتا ہے، چاہے وہ جنگی جرائم کا ارتکاب اسرائیل کی طرف سے کیا گیا ہو یا فلسطین کی طرف سے۔رپورٹ کے مطابق چلی اور میکسیکو کی جانب سے عالمی فوجداری عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جنگی جرائم کی تفتیش کا مطالبہ کیا گیا ہے۔اس سے قبل جنوبی افریقہ نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے ذمہ دار اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں درخواست دائر کی تھی۔