مالی فراڈ کیس : فواد چودھری پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 10 فروری کی تاریخ مقرر

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری پر مالی فراڈ کیس میں فردجرم عائد کرنے کیلئے 10 فروری کی تاریخ مقرر کردی ۔اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں سابق وزیر فواد چودھری کے خلاف مالی فراڈ کے کیس کی سماعت ہوئی ،  فواد چودھری کے وکیل قیصر امام اور مرزا عاصم بیگ عدالت میں پیش ہوئے، سول جج محمد سہیل نے کہا کہ آج فرد جرم کی کارروائی شروع کردیتے ہیں، اس پر وکیل قیصر امام نے کہا کہ میں نے ابھی کیس لیا ہے، فائل دیکھنے کے لیے وقت درکار ہے۔فواد چودھری کی جانب سے بغیر ہتھکڑی لگائے عدالت میں پیش کرنے کی درخواست دائر کی گئی جس پر ان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فواد سپریم کورٹ کے وکیل ہیں اور وزیر رہ چکے ہیں لہٰذا ہتھکڑی نہ لگائی جائے ، اس پر جج نے کہا کہ کیا یہ ساری چیزیں فوادچودھری کو باقی قیدیوں سے بالاتر بناتی ہیں؟وکیل نے کہا کہ فواد چودھری  کو کبھی منہ ڈھانپ کر اور کبھی ہتھکڑی لگا کر پیش کیا جاتا ہے، وہ میڈیا کی ہیڈ لائنز بنتے ہیں، ان کو نیچا دکھانے کے لیے یہ سب کیا جاتا ہے، میں محتلف عدالتی فیصلے پیش کر دوں گا کہ ہتھکڑی لگانے کا مقصد ملزم کو بھاگنے سے بچنے کے لیے ہے، برصغیر میں ہتھکڑی تذلیل کے لیے استعمال کی جاتی ہے، کل فواد چودھری ہماری اسمبلی میں نمائندگی کر رہے ہوں گے۔اس پر جج نے کہا کہ میں اس معاملے کو دیکھ کر مناسب آرڈر کروں گا۔ جج محمد سہیل عدالت نے کیس کی سماعت 10 فروری تک ملتوی کر دی۔