فردوس شمیم، اعجاز الحق اورراجہ بشارت کے کاغذات نامزدگی منظور

ملک بھر میں قائم الیکشن ٹریبونلز کی جانب سے امیدواران کی کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پرسماعتیں جاری ہیں۔کراچی میں الیکشن ٹریبونل نے این اے 236 سے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی اپیل کی سماعت کرتے ہوئے ان کی اپیل منظور کر لی اور کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے۔راولپنڈی میں الیکشن ٹریبونل نے مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے ، الیکشن ٹربیونل نے اعجاز الحق کےاین اے 55 سے کاغذات پر ریٹرننگ افسر کے اعتراضات کو مسترد کردیا ۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ سابق وزیر قانون راجہ بشارت کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی ، بنچ نے این اے 55 سے راجہ بشارت کے کاغذات منظور کرلیے۔الیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ افسر کی جانب سے راجہ بشارت کے کاغذات نامزدگی پراعتراضات مسترد کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔سبطین خان کو صوبائی حلقہ پی پی 88 میانوالی سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ، ریٹرننگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا ، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی پر تمام اعتراضات ناقص قرار دیتے ہوئے مسترد کردیے گئے ۔الیکشن ٹریبونل نے پرویز الہٰی ،مونس الہٰی اور قیصرہ الہٰی کی اپیلوں پر ریٹرننگ آفیسر سے کل جواب طلب کرلیا ، کاغذات مسترد ہونے کی اپیلوں پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ختم ہوگیا۔سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقارمرزا،ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،حسنین مرزا اور حسام مرزا کی اپیلوں پرریٹرننگ افسر ان کو نوٹس جاری کردئیے گئے ۔ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے این اے 223 اور فہمیدہ مرزا  اور ان کے بیٹوں کے پی ایس 70،پی ایس 71 اور پی ایس 72 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے، اپیلیٹ ٹریبونل نے متعلقہ ریٹرننگ افسران کو رکارد سمیت 8 جنوری کو طلب کر لیا ۔لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں قائم اپیلیٹ ٹریبونل نے فیصلہ سناتے ہوئے این اے 175 سے ذوالفقار دستی کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کرنے کا حکم دے دیا ،  فیصلہ اپیلیٹ ٹربیونل کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے سنایا۔فواد چودھری کے جہلم کی 2 نشستوں سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی ، الیکشن ٹریبونل نے کل کے لیے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیے۔فواد چودھری کے وکیل نے ٹریبونل کو بتایا کہ فواد چودھری  کو الیکشن سے باہر رکھنے کے لیے بوگس اعتراضات عائد کیے جا رہے ہیں۔این اے 90 میانوالی سے اعظم خان نیازی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل منظور کرلی گئی ، ریٹرننگ افیسر کا فیصلہ کالعدم قراردے دیا گیا ۔حلقہ این اے 50 سے ایمان وسیم اور ناز طاہر کی اپیلیں منظور کر لی گئیں جبکہ این اے 56 اور پی پی 17 سے تحریک انصاف کے راجہ راشد حفیظ کی اپیل منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا ۔علاوہ ازیں ریحانہ ڈار اور روبا عمر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پرریٹرننگ آفیسر کو نوٹس جاری کردیے گئے ۔