غزہ پراسرائیل کا جنگی جنون برقرار،مزید 271 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری جاری ہے ، صیہونی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 271 فلسطینیوں کو شہید کردیا، مجموعی شہادتوں کی تعداد 9ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔غزہ میں اسرائیلی مظالم عروج پر پہنچ گئے ، گزشتہ 2 روز کے دوران جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیل کے حملوں میں 195 فلسطینی شہید جبکہ 700 سے زائد زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وسطی غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد شہید ہوگئے، جبالیہ پناہ گزیں کیمپ کے الفلوجہ علاقے میں گھروں پر درجنوں میزائلوں سے حملے کئے گئے ، اس حملے کے متعلق اسرائیل نے کہا کہ حماس کے رہنما کو نشانہ بنایا گیا تھا۔گزشتہ روز کیے جانیوالے فضائی حملے اور توپ خانے سے شیلنگ کے بعد علاقے میں مواصلاتی نظام مکمل طورپر منجمد ہوگیا ، فلسطینی وزارت مواصلات نے غزہ کی پٹی کے ساتھ تمام مواصلاتی اور انٹرنیٹ سروسز کے مکمل طور پر بند ہونے کی تصدیق کی۔