آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک معاشی دہشتگردی کر رہے ہیں، رضا ربانی

سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک معاشی دہشت گردی کر رہے ہیں جبکہ آرمی تنصیبات پر حملے غیر قانونی افغان پناہ گزینوں کی واپسی سے جڑے ہیں۔سینیٹ کے اجلاس میں پی پی پی رہنما رضا ربانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک دہشت گردی وہ ہے جو غیر ریاستی عناصر ملکی سیکیورٹی فورسز کے خلاف کر رہے ہیں اور ایک معاشی دہشت گردی ہے جو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی تنصیبات پر حملے غیر قانونی افغان پناہ گزینوں کی واپسی سے جڑے ہیں، پناہ گزینوں کی واپسی ایک اہم مسئلہ تھا جو نگراں حکومت کی ذمے داریوں میں نہیں آتا، اگر سیکیورٹی کا زیادہ مسئلہ تھا تو پارلیمنٹ سے رجوع کرتے، بھارت مغربی طاقتوں کی نمبر ون اسٹیٹ ہے جسے چین کو روکنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں سینیٹر نے ٹی ٹی پی کے ساتھ ہونے والی ڈیل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ ڈیل ہوئی تھی، جس کی تفصیلات آج تک پارلیمنٹ کے سامنے پیش نہیں کی گئیں، اس کی اُس وقت کی سیاسی اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو ذمے داری لینی ہو گی، طالبان حکومت کو ٹی ٹی پی سے مذاکرات میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اندرونی فالٹ لائنز کو ہم دھیان سے دیکھیں اور بلوچستان میں چیک پوسٹس ختم کی جائیں، مسنگ پرسنز کو عدالت میں پیش کیا جائے اور اس کا کلچر ختم کیا جائے۔رضا ربانی نے مطالبہ کیا ہے کہ آنے والے انتخابات میں سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔