اسرائیل کا شمالی غزہ 24 گھنٹے میں خالی کرنے کا الٹی میٹم

اسرائیلی فوج نے 24 گھنٹے کے اندر تمام 11 لاکھ فلسطینیوں کو شمالی غزہ چھوڑ کر جنوبی غزہ جانے کا الٹی میٹم دے دیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق تل ابیب کے متوقع زمینی حملے سے قبل ٹینک غزہ کی پٹی کے قریب پہنچ گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیردفاع یوو گیلنٹ نے کہاتھا کہ ’یہ جنگ کا وقت ہے‘، اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بھاری بمباری جاری ہے، آنے والے دنوں میں غزہ شہر میں ’نمایاں آپریشن‘ کریں گے اور شہری تبھی واپس جا سکیں گے جب بعد میں اعلان کیا جائے گا۔اسرائیلی فوج نے کہاتھا کہ غزہ کے شہریوں کو اپنی اور اپنے خاندانوں کی حفاظت کے لیے جنوب چلے جائیں، اور خود کو حماس سے دور کر لیں، جو آپ کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں اسرائیل کی جانب سے زمینی حملے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق اسرائیل غزہ کی سرحد پر زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے اور اس حوالے سے فوجی دستے، بھاری توپ خانے اور ٹینک جمع کیے جا رہے ہیں۔