متحدہ کی صفوں میں اتحاد شہری سندھ کی بقاء کا ضامن ہے، خالد مقبول

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی صفوں میں اتحاد شہری سندھ کی بقاء کا ضامن ہے۔ترجمان ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے لیاقت آباد ٹاؤن کا دورہ کیا اور جلسے پر ذمہ داران اور کارکنان کومبارکباد دی۔اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کارکنان ہی ایم کیو ایم پاکستان کا واحد اثاثہ ہیں اور ایم کیو ایم کی صفوں میں اتحاد شہری سندھ کی بقاء کا ضامن ہے، کراچی پر قبضے کا خواب دیکھنے والوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں، جس طرح 2018 میں کراچی پر غیر مقامی مسلط کئے گئے اب نہیں ہونے دیں گے۔ڈاکٹر خالد مقبول کا کہنا تھا کہ سیاسی انجینئرنگ اپنے انجام کو پہنچی ہے، کارکنان کراچی سے پورے پاکستان کو چلانے کی تیاری کریں۔