انتخابی مہم کا آغاز ہو چکا، ہمارا راستہ آئین کا راستہ ہوگا: نہال ہاشمی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کیلئے الیکشن مہم کا آغاز ہو چکا ہے، ہمارا راستہ آئین کا راستہ ہوگا۔سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ نواز شریف طویل جلا وطنی اور علالت کے بعد پاکستان آئے ہیں، میاں صاحب کی پاکستان آمد پر پوری قوم نے خوشیاں منائیں، سندھ سے اتنے زیادہ کارکنان تھے کہ تمام ٹرینیں اور گاڑیاں بھر گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور جلسہ ختم ہونے کے بعد کارکنان اور عوام کا اتنا رش تھا کہ آتے ہوئے 1 گھنٹے تک میں اپنی گاڑی کو پیدل ڈھونڈتا رہا لیکن نہیں مل رہی تھی، نواز شریف کا تاریخی استقبال کیا گیا تھا۔نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ کراچی سے 2 ٹرینیں 8 بجے ہی بھر گئی تھیں جن میں ہزاروں لوگ موجود تھے، سندھ کے حکمرانوں نے جو مارچ نکالا تھا اس میں لوگوں کو پیسے دیے گئے تھے اس کے بعد لوگ شامل ہوئے، آپ ہمارے نمائندگان کو الیکشن میں جتوا کر دیکھیں ہم اپ کو اچھا شہر بنا کے دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن فروری کی 10 تاریخ سے پہلے ہو چکے ہوں گے، نواز شریف نے چارٹر آف ڈیموکریسی سے ہٹ کر بات نہیں کی، نواز شریف کے دور میں ملک بھر میں ترقیاتی کام ہوئے، ہم نے سندھ کے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیے، 5 ہزار سے زائد نوجوانوں کی فیس واپس کی۔