میرا بجلی کا بل کتنا آیا، اس بارے میں ٹوئٹ کروں گا،مرتضیٰ سولنگی

نگراں وفاقی وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ میرا بجلی کا بل کتنا آیا اس بارے میں ٹوئٹ کروں گا۔الیکشن کمیشن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ  نثار درانی سے ملاقات کے لیے آیا تھا۔مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ ملاقات میں انتخابات کے فنڈز سے متعلق بات نہیں ہوئی، ہم الیکشن کرانے کے لیے آئے ہیں، یہی ہماری ذمے داری ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں، الیکشن کمیشن جب کہے گا ہم انتخابات کرائیں گے۔صحافی نے سوال کیا کہ انتخابات گرمیوں میں ہوں گے یا سردیوں میں؟ جس پر مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ جب الیکشن کمیشن مناسب سمجھے گا الیکشن ہوجاٸیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے الیکشن کمیشن کی ہر طرح معاونت کریں گے۔