مون سون بارشوں کی تباہ کاریاں، ملک بھر میں 150 افراد جاں بحق

حالیہ مون سون بارشیں شدید مالی و جانی نقصان کا باعث بنیں، 25 جون سے اب تک ملک بھر میں 150 افراد جان کی بازی ہار گئے۔رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 62 مرد، 25 خواتین اور 63 بچے شامل ہیں، سب سے زیادہ 66 اموات پنجاب میں رپورٹ ہوئیں، خیبرپختونخوا سے 41، بلوچستان سے 6 اموات رپورٹ ہوئیں۔علاوہ ازیں سندھ میں 15، آزاد کشمیر میں 6 اور گلگت بلتستان میں 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، مون سون سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 11 افراد ہلاک ہوئے۔حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں کل 233 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں 99 مرد، 62 خواتین اور 72 بچے شامل ہیں، مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں 147 افراد زخمی ہوئے جبکہ ملک بھر میں کل 468 گھروں کو نقصان پہنچا۔رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 289 مویشیوں کو نقصان پہنچا ہے۔