سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

ریاض: سویڈن میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کی ناپاک جسارت پر اسلامی تعاون تنظیم نے ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس اتوار کو طلب کر لیا۔عرب نیوز کے مطابق 57 مسلم ممالک کی نمائندگی کرنے والی ’’اسلامی تعاون تنظیم‘‘ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں اس ناپاک حرکت کی شدید الفاظ میں مذمت کی جائے گی اور اس کے تدارک کے لیے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔او آئی سی کے ترجمان نے بتایا کہ آزادیٔ اظہار رائے کے نام پر کسی کو بھی کسی کے مذہب کے شعائر کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ تنظیم اس معاملے پر متفقہ طور پر سخت مؤقف اپنائے گی جس کے لیے یہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔