جیل بھرو تحریک والے حفاظتی ضمانتیں مانگ رہے ہیں: اعظم نذیر تارڑ

 وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک والے حفاظتی ضمانتیں مانگ رہے ہیں،عمران خان کہتے ہیں جیل صرف غریب کارکنوں کیلئے ہے۔سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان خود جیل جانے کی بجائے عوام کو جیل بھرو تحریک پر اکسا رہے ہیں، خود 4 ماہ سے ٹانگ پر پٹی باندھ کر زمان پارک میں بیٹھے ہیں، گزشتہ دور میں اپوزیشن نے 3،3 سال جیلیں کاٹی ہیں،عدالتوں کی طرف انگلیاں اٹھانے والے اپنے گریبانوں میں جھانکیں۔انہوں نے کہا کہ تقریریں کرتے ہوئے 4 سال پیچھے جائیں، آئی ایم ایف سے معاہدہ کس نے کیا۔ سٹیٹ بینک کی پالیسیز ، مارک اپ، فارن کرنسی ریٹ معاہدے پر دستخط کس نے کئے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے معاہدے پر آئی ایم ایف سے معاہدے کس نے کئے، ٹائم بم معاشی بدحالی، بارودی سرنگیں کس نے بچھائی تھیں، تاریخ گواہ ہے اسی ایوان میں ہم نے آواز اٹھائی کہ ہاتھ کاٹ کر مت دیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان جیل بھرو تحریک کی بات کرتے ہیں مگر خود حفاظتی ضمانت کی درخواستیں دے رکھی ہیں، جیل بھرو تحریک غریبوں اور جذباتی کارکنوں کیلئے ہے عمران خان کیلئے نہیں، ہم نے کوئی شب خون نہیں مارا، چیئرمین پی ٹی آئی کا ساتھ ان کے اپنوں نے چھوڑا، کرسی سے چمٹے رہنے کیلئے آئین کو توڑا گیا، آپ اپنے گناہوں پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔