للت مودی سشمیتا سین کے دفاع میں بول پڑے

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سابق چیئرمین للت مودی نے اداکارہ سشمیتا سین پر لگائے جانے والے ’گولڈ ڈگر‘ کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ایک حالیہ انٹرویو میں للت مودی نے کہا کہ 2022 میں جب ان کے اور سشمیتا سین کے تعلقات منظر عام پر آئے تو سوشل میڈیا پر اداکارہ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم ان الزامات میں کوئی حقیقت نہیں تھی۔ان کے مطابق سشمیتا ایک خودمختار اور مالی طور پر مضبوط خاتون ہیں جو اکثر اپنے اخراجات خود ادا کرنے پر اصرار کرتی تھیں۔للت مودی نے سشمیتا سین کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک خود ساختہ، بااعتماد اور مضبوط عورت ہیں جنہوں نے اپنی زندگی میں کامیابیاں اپنی محنت سے حاصل کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سشمیتا کو دولت یا مالی فائدے سے جوڑنا سراسر غلط ہے۔سابق آئی پی ایل چیئرمین نے اداکارہ کو ’حقیقی ہیرا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بارے میں منفی تاثر پیش کرنا ناانصافی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سشمیتا سین ہمیشہ باوقار اور خودمختار رہی ہیں اور ان کے کردار پر سوال اٹھانا مناسب نہیں ہے۔