نوشہرہ کے علاقے میاں عیسیٰ میں راستے پر باڑ لگانے کے تنازع نے خونریز تصادم کی شکل اختیار کر لی، فائرنگ کے تبادلے میں دونوں فریقین کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک فریق کے چار بھائی زاہق، واحد، صالح اور محمد علی شامل ہیں، جبکہ دوسرے فریق سے زرغون شاہ اور ان کے دو بیٹے ماجد اور ظہور جاں بحق ہوئے۔پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تمام لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اور قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔علاقہ مکینوں کے مطابق مقتول چار بھائی اپنے گھر کے سامنے باڑ لگا رہے تھے کہ اسی دوران زرغون شاہ اور ان کے بیٹوں ماجد اور ظہور کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم میں تبدیل ہوگئی۔فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد جان سے چلے گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہو سکا، جب کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔










