امریکا ایران مذاکرات: چین کی جانب سے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت

اسلام آباد: پاکستان میں چین کے سفیر نے امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات میں سہولت فراہم کرنے سے متعلق اسلام آباد کی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چینی سفیر جیانگ زائی دونگ سے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران جیانگ زائی دونگ نے امریکا اور ایران کے درمیان رابطے کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔اُن کا کہنا تھا کہ یہ کوششیں خطے اور اس سے آگے پائیدار امن اور استحکام کے لیے اہم ہیں، امریکا ایران رابطوں میں پاکستانی کردار پر اظہارِ تحسین کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق چین نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا، ملاقات میں پاکستان چین آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پر زور دیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔