نواب ٹاؤن ڈکیتی واقعہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سخت نوٹس

لاہور: لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں سکوٹی سوار لڑکی سے دن دیہاڑے ڈکیتی کے واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے واقعے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے لاہور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کو آٹھ گھنٹوں کے اندر گرفتار کیا جائے اور واقعے کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ کسی بیٹی کے ساتھ ڈکیتی کا واقعہ پیش آنا انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہے، خواتین کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ "بیٹیاں اور بہنیں ریڈ لائن ہیں" اور ان کے تحفظ کے عہد کو ہر صورت نبھایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے پولیس کو ہدایت کی کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور شہریوں کو فوری تحفظ فراہم کیا جائے۔قبلِ ازیں، نواب ٹاؤن کے علاقے او پی ایف سوسائٹی میں سکوٹی چلاتی لڑکی سے موبائل چھیننے کی واردات پیش آئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی نے مزاحمت کرتے ہوئے ملزم کی موٹرسائیکل کو پیچھے سے پکڑنے کی کوشش کی تاہم اس دوران وہ زمین پر گر گئی، ملزم لڑکی سے موبائل فون چھین کر موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کے والد ثاقب کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔