مظفرآباد: آزاد کشمیر پولیس نے کارروائی کر کے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لئے کام کرنے والے کارندے کو گرفتار کر لیا۔آئی جی پولیس آزاد جموں و کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے نیوز کانفرنس میں بتایا ہے کہ راولا کوٹ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لیے کام کرنے والے مبینہ کارندے کو گرفتار کیا ہے، گرفتار ملزم کی شناخت عرفان کے نام سے ہوئی ہے، جو حساس مقامات کی ریکی کرتا اور ویڈیوز بنا کر معلومات منتقل کرتا رہا۔آئی جی پولیس آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ملزم فوجی تنصیبات اور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث تھا۔لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ پولیس کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے، جبکہ اس کارروائی کے دوران ایک مکمل نیٹ ورک بھی بے نقاب ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے رابطے میں تھا اور حساس مقامات کی معلومات مسلسل منتقل کر رہا تھا، ان کے مطابق ملک دشمن عناصر منظم انداز میں اہم مقامات کی نشاندہی کر کے ریاستی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔آئی جی نے کہا کہ ملزم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں بھی ملوث رہا، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی نے ممکنہ خطرہ ٹال دیا، ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی سرزمین کا تقدس کسی صورت پامال نہیں ہونے دیا جائے گا اور سکیورٹی ادارے خطے کے امن و استحکام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ 3 روز قبل پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے ایک کامیاب انٹیلی جنس آپریشن کے دوران بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے لیے جاسوسی کرنے والے 3 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار افراد کا تعلق پنجاب کے اضلاع نارووال اور بہاولپور جبکہ آزاد کشمیر کے ضلع راولا کوٹ سے ہے۔











