فیلڈ مارشل نے مذاکرات نتیجہ خیز بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا: امریکی ٹی وی

واشنگٹن: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے خطے میں امن کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے پر عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورۂ تہران نے مذاکرات کو حتمی نتیجے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔امریکی ٹی وی کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطی کی موجودہ صورتِ حال میں خلیجی ممالک اور لبنان جنگ کا حصہ ہیں، تاہم صرف پاکستان ہی مسودے کو حتمی شکل میں لانے میں کامیاب ہوا۔امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران سے واپسی پر مجوزہ مسودہ ایرانی و امریکی قیادت کو جائزے کے لیے بھیجا گیا۔امریکی ٹی وی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو امریکا اور ایران دونوں کا اعتماد حاصل ہے، پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی ہم آہنگی ثالثی کا بنیادی عنصر ہے۔امریکی ٹی وی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو مائی فیورٹ فیلڈ مارشل قرار دے چکے ہیں، پاکستانی حکومت اور فیلڈ مارشل اسلام آباد مذاکرات کے دوران خلیج کم کرنے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔امریکی ٹی وی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماضی میں بھی پاکستان امریکا اور چین کے درمیان سفارتی روابط استوار کرنے میں بنیادی کردار ادا کر چکا ہے۔