بیجنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی فولاد کی طرح مضبوط اور آزمودہ ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیو جیان چاو سے ملاقات کی۔ مریم نواز نے پرتپاک استقبال پر وزیر لیو جیان چاو کا شکریہ ادا کیا اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی دور اندیش قیادت کو سراہا۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چینی قیادت نے عالمی طاقت کے طور پر ابھرنے میں چین کی رہنمائی کی، پاک چین تعلقات کے فروغ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا کردار کلیدی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام سے عوامی رابطوں میں اضافہ پاک چین کمیونٹی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاک چین دوستی ایک پائیدار رشتہ ہے جو علاقائی اور بین الاقوامی سیاست کے اتار چڑھاؤ سے متاثر نہیں ہوتا۔ دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری ہر موسم کی گرمی اور سردی سے بالاتر ہے۔مریم نواز نے کہا کہ لوکل گورننس اور دیہی ترقی میں چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتی ہوں، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور استعداد کار میں اضافے میں چین کے تعاون کو سراہوں گی، ووکیشنل ٹریننگ پروگرام میں چین سے بھرپور تعاون چاہتے ہیں، عوام سے عوام کے روابط اور ثقافتی تعلقات میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔ شاہراہ ریشم کا ورثہ اور میراث ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پنجاب کے درمیان ثقافتی تعلقات کے لیے پائیدار اقدامات کریں گے اور پاک چین تعلقات کی میراث کو پروان چڑھانے کے لیے نوجوان نسل پر توجہ دینا ہو گی۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے وزیر لیو جیان زو نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی آمد پر شکریہ ادا کیا جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے وزیر لیو جیان زو کی شاندار مہمان نوازی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔










