ڈی چوک پر سینکڑوں شہادتوں کے دعوے پر پی ٹی آئی کا بڑا یو ٹرن

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف نے بڑا یو ٹرن لیتے ہوئے 26 نومبر کی رات ڈی چوک پر سیکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن میں اس کے سیکڑوں کارکنان کے مارے جانے کا دعویٰ واپس لے لیا اور 12 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔اڈیالہ جیل راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حتمی کال کے بعد ہم نے آج پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد احتجاج کے واقعے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہم نے مظاہرے کے بارے میں بانی کو معلومات فراہم کیں۔ اخبار اور ٹی وی کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے بانی کو اندازہ نہیں تھا کہ 26 نومبر کو اسلام آباد میں کیا ہوا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی بانی نے باہر نکلنے والے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا، بانی کا پیغام ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں، سینیٹ میں جائیں اور پارلیمنٹ میں اس معاملے کو اٹھائیں، احتجاج بعد میں کریں، پی ٹی آئی بانی آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم نے خان کو رینجرز، پولیس اور پی ٹی آئی کے شہداء کے بارے میں بتایا، جس پر انہوں نے ان سب کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، دھرنے اور مظاہرے پر اسلام آباد یا کسی اور جگہ گولی نہیں چلنی چاہیے تھی۔ انہوں نے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی، زخمیوں کے علاج کا حکم دیا، بانی نے تمام کارکنوں اور رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔بیرسٹر گوہر کے مطابق عمران خان نے پارٹی کو اتحاد برقرار رکھنے کا پیغام دیا ہے، مخالفین تقسیم پیدا کر رہے ہیں، پارٹی کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ گولی کیوں چلائی، جہاں بھی تھی گولی نہیں چلانی چاہیے تھی، سے جس نے بھی گولی چلائی، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی نے پنجاب کے ایم این ایز اور ایم پی اے کو بھی خراج تحسین پیش کیا، پنجاب کے ایم این ایز اور ایم پی اے مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے علی امین گنڈا پور اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی جانب سے سینکڑوں کارکنوں کی شہادتوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم غیر ذمہ دارانہ بیانات نہیں دیں گے، ہمارے پاس صرف 12 شہادتیں ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق جھوٹی خبریں چل رہی ہیں، بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں بالکل ٹھیک ہیں۔