انتشار پسند گروہ انقلاب نہیں خونریزی چاہتا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے والا گروہ انقلاب نہیں خونریزی چاہتا ہے۔ یہ پرامن احتجاج نہیں بلکہ انتہا پسندی ہے۔رینجرز اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کسی انتشار اور خونریزی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ مذموم سیاسی مقاصد کے لیے خونریزی ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہے۔اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ نام نہاد پرامن احتجاج کی آڑ میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں پر حملے قابل مذمت ہیں۔ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں، لیکن انتشار پھیلانے والا گروہ جان بوجھ کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنا رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ فسادیوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کی زندگیاں تباہ کیں، فسادی کل شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور آج شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کے معصوم بچوں اور اہل خانہ کے ذمہ دار ہیں۔ مجھ سمیت پوری قوم شہید رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے سری نگر ہائی وے پر مظاہرین کی جانب سے رینجرز اور پولیس اہلکاروں پر گاڑی سے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کے بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث افراد کی فوری طور پر نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے جب کہ حملے میں زخمی ہونے والے رینجرز اور پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔