Post With Image

پشاور خودکش حملہ: شہر کی فضا سوگوار، 10 شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ ادا


پشاور: یکہ توت خودکش حملے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے جب کہ حملے میں شہید ہونے والے 20 میں سے 10 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ اداکردی گئی۔ گزشتہ رات پشاور کے علاقے یکہ توت میں خودکش حملہ آور نے عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں اے این پی امیدوار ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید ہوگئے۔ یکہ توت حملے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے اور شہر کی کاروباری سرگرمیاں جزوی طور پر معطل ہیں جب کہ عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ خیبرپختونخوا بار کونسل نے بھی واقعے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے آج عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا ہے جس کے باعث وکلاء آج عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب شہدا کی نماز جنازہ کا سلسلہ جاری ہے اور 10 شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ رحمان بابا قبرستان میں ادا کردی گئی ہے جب کہ ہارون بلور کی نماز جنازہ شام 5 بجے ادا کی جائےگی جس میں اے این پی قیادت کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی شریک ہوں گے۔ اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید ہارون بلور کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے پشاور روانہ ہوگئے ہیں۔


آپ کی رائے

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا