سٹاک مارکیٹ: کاروباری آخری روز 281 پوائنٹس کا اضافہ، 33 ہزار کی نفسیاتی حد بحال

پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی تیزی رہی، حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 281 پوائنٹس بڑھ گیا۔ تیزی کے باعث 33 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے دوران مسلسل تیزی ریکارڈ کی گئی ہے، کاروباری ہفتے کے پہلے روز 8 پوائنٹ، دوسرے روز 175.47 پوائنٹس، تیسرے روز 109.03 پوائنٹس، چوتھے روز 389 پوائنٹس جبکہ آج آخری روز حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 281 پوائنٹس بڑھ گیا۔ تیزی کے تسلسل کے باعث مارکیٹ میں 33 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی۔ صرف دو روز کے دوران 7 حدیں بحال ہوئیں جبکہ مسلسل چھ سیشنز کے دوران پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 1600 پوائنٹس بڑھا۔ پورے کاروباری روز 0.85 فیصد کاروبار بڑھا جبکہ مارکیٹ کے اختتام پر حصص مارکیٹ کا 100 انڈیکس 281.06 پوائنٹس بڑھنے کے بعد 33033.22 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ معاشی ماہرین کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے ہونیوالی میٹنگ کے دوران تحفظات دور ہونے کے بعد انویسٹرز کی جانب سے مارکیٹ میں زبردست ٹریڈنگ دیکھنے کو مل رہی ہے، انویسٹرز کی طرف سے یہ تسلسل آئندہ ہفتے کے آغاز میں دیکھا جا سکتا ہے۔