بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کو حال ہی میں جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا جس سے معلوم ہوا کہ دھمکی آمیز کال ریاست چھتیس گڑھ کے شہر رائے پور سے آئی تھی۔ ممبئی پولیس نے باندرہ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا اور ملزم کی کال ٹریس کی جس کی شناخت شمخت فیضان کے نام سے ہوئی ہے۔رائے پور پولیس ملزم فیضان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ ملزم کی جانب سے اداکار سے 50 لاکھ روپے تاوان کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ یہ دھمکی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سلمان خان کو مسلسل جان سے مارنے اور تاوان کی دھمکیاں مل رہی ہیں جس کے بعد شاہ رخ خان کو بھی دھمکیاں دی گئی ہیں۔دوسری طرف، رائے پور کے ایس ایس پی سنتوش کمار سنگھ کے مطابق، ممبئی پولیس نے ابھی تک رائے پور پولیس کو کسی بھی کال کی باضابطہ اطلاع نہیں دی ہے۔تاہم باندرہ پولیس نے اس سلسلے میں بھارتی قوانین کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم فیضان کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کے لیے ممبئی لے جانے کا ارادہ کیا ہے۔










