مریم نواز پنجاب کی تقدیر بدلنے والی ہیں، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز پنجاب کی تقدیر بدلنے والی ہیں۔ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز دورہ چین کے دوران تاریخی معاہدے کر رہی ہیں۔ مریم نواز نے کینسر کے جدید ترین علاج کے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ پنجاب میں زرعی شعبے میں جدت لانے کے لیے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز اللہ کی مدد سے صوبے کی تقدیر بدل رہی ہیں۔ مخالفین احتجاج، ریلیوں اور دھرنوں کی سیاست سے باہر نہیں نکل رہے۔ جس صوبے میں پارٹی 11 سال سے اقتدار میں ہے وہاں صرف مولا جٹ کا سیریل نشر کیا جا رہا ہے۔ سول نافرمانی کی تحریک چلانے والے کو پہلے بھی منہ کی کھانی پڑی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جب بھی ملک پٹڑی پر آتا ہے تو کوئی نہ کوئی غداری اس میں رکاوٹ ڈالتی ہے۔ پاکستان اب کسی قسم کی بغاوت برداشت نہیں کر سکتا۔ قوم کے تعاون سے ہر فتنہ کو کچل دیا جائے گا۔ جنہوں نے انقلاب برپا کرنا تھا اب آپس میں لڑ رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ نند بھاؤج کی لڑائی نے بغاوت کرنے والی جماعتوں کے پانچ گروپ بنائے ہیں۔